کوپن ہیگن میں مسجد کی تعمیر کے منصوبے کی منظوری
03. sep. 2010 10.46 Urdu کوپن ہیگن کی شہری کونسل نے کل ( جمعرات ) تین ووٹوں کے مقابلے میں پنتالیس ووٹوں کی بھاری اکثریت سے آماگر کے علاقے میں اُس شہری تعمیراتی منصوبے کی منظوری دے دی ہے جس میں ایک مسجد کی تعمیر بھی شامل ہے ۔
کوپن ہیگن بلدیہ کے ٹیکنیکی و ماحولیاتی امور کے مئیر ، ایس ایف پارٹی کے بُو آسموس کیلڈگورڈ نے اِس منصوبے کی شہری کونسل میں منظوری کے بعد، ڈی آر نیوز کو بتایا کہ ڈنمارک میں ہمیں مذہبی آزادی حاصل ہے اور، یہاں گرجا گھروں اور مساجد دونوں کے لئے جگہ ہونی چاہئیے جو ایک جدید میٹروپول کے لیے ضروری ہے ۔
انھوں نے مزید کہا کہ دارالحکومت میں مسلمانوں کی تعداد پچاس ہزار سے بھی زائد مسلمان آباد ہیں اور کوپن ہیگن میں دین اسلام دوسرا بڑا مذہب ہے اور ان مسلمانوں کے لیے یقیناً مسجد بھی ہونی چاہیئے ۔ یہ مجوزہ مسجد کوپن ہیگن کے آماگر علاقے میں تعمیر کیے جانے والے ایک بڑے کاروباری اور رہائشی کمپلیکس میں ہو گی ۔
اس تعمراتی منصوبے کے آغاز سے پہلے اس کے بارے میں اٹھائیس اکتوبر کو ایک عوامی سماعت کا بندوبست کیا جائے گا جہاں سیاست دانوں کی حتمی منظوری سے پہلے، شہری اور دلچسپی رکھنے والے دیگر افراد اپنی تجاویز پیش کر سکیں گے ۔ سیاست دان اس بارے میں اپنی حتمی منظوری اگلے سال فروری میں دیں گے ۔
ترجمہ: نصر ملک
urdu@finfo.dk